بلوچستان کے ضلع کیچ میں پاکستان فوج نے آپریشن میں دو افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ اطلاعات پر بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں بلور کے مقام پر کارروائی کی گئی۔
ترجمان کے مطابق مسلح افراد کے ٹھکانے کے قریب فورسز اہلکاروں کو اُتارنے کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا گیا۔ اسی دوران فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے افراد فورسز پر حملوں کے علاوہ سکھر، لاڑکانہ اور گوادر موٹر وے ایم ایٹ پر بارودی سرنگیں بچھانے میں بھی ملوث تھے۔
مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان افراد کے ٹھکانے سے بارودی سرنگوں سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
لیویز فورس کے مطابق مذکورہ لاشوں کی شناخت نہیں ہوپارہی، انہیں ٹیچنگ ہسپتال تربت کے سردخانے میں شناخت کے لیے رکھ دیا گیا ہے۔