ہمارے مسائل میں اضافے کی وجہ بھی ایف سی ہے۔ مولانا ہدایت الرحمان

339

حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمٰن نے پنجگور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان وسائل سے مالا مال ایک زرخیز سرزمین ہے جس کے باسی اس ترقی یافتہ دور میں بھی بیروزگاری، بھوک وافلاس کی زندگی گزار رہے ہیں۔ سی پیک کے فائدے بلوچستان کو نہیں ملے، بلوچ اپنے وطن میں بھی اجنبی بن کر جی رہا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ بھوک کے شکار افراد سے آپ زبردستی زندہ باد کا نعرہ لگوائیں، ملک میں ایک ایسا طبقہ موجود ہے جنکے کتے بھی دودھ پیتے ہیں اور بچوں کو تعلیم اور علاج کے لیے باہر جانے کی سہولت حاصل ہے مگر ہمارے بچے بھوک اور پیاس سے تڑپ کر جان دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے خطے میں جہاں ہر طرح کی معدنیات موجود ہوں اور اسکے باسی بے روزگاری کے زندگی بسر کررہے ہوں تو انکے دلوں میں نفرت فطری عمل ہوتا ہے یہاں سونا چاندی سوئی گیس معدنیات اور چاروں موسموں میں پھل فروٹ اور میوہ جات پائے جاتے ہیں مگر بدلے میں انکو منشیات ملتا ہے انہوں نے کہا کہ جب گوادر پورٹ بن رہا تھا تو ہمیں یہی بتایا گیا کہ سی پیک بلوچستان پاکستان کا جومر ہے اس سے ملک اور بلوچستان ترقی کرے گا سی پیک اور گوادر پورٹ کے نام پر لاہور، ملتان، ساہیوال میں بجلی اسپتال اور اورنج ٹرین کے منصوبے تو بنے بلوچستان والوں کے مقدر میں ماسوائے مایوسیوں کے اور کچھ نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چائنا اقتصادی راہداری نہیں بلکہ پنجاب چائنا اقتصادی راہداری ہے۔

مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ بلوچ آج بھی محرومیوں کا شکار ہے بارڈر اور سمندر جہاں بلوچ محنت مزدوری کرکے دو وقت کی روٹی کماتے تھے مگر یہ بھی بلوچ کے لیے شجر ممنوعہ بنادیئے گئے ہیں لوگوں کو ای ٹیگ اور ٹوکن کے نام پر الجا کر انہیں روزگار سے محروم کردیاگیا ہے

انہوں نے کہا کہ ای ٹیگ اور ٹوکن کسی بھی صورت قبول نہیں یہ ایک اور زیادتی ہے جو آل پارٹیز اور دیگر جماعتوں کی مفادپرستانہ سوچ کی وجہ سے پنجگور کے عوام پر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پہاڑوں پر گئے ہیں وہ ظلم وجبر اور ناانصافیوں پر مبنی پالیسیوں سے تنگ آکر گئے ہیں بلوچ کی پسماندگی کی اصل وجہ آپس کی نااتفاقی ہے مظالم سے اس وقت ہم چھٹکارہ پاسکتے ہیں جب ہم اپنے آپسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر یکجہتی کا راستہ اپنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک کے ساتھ کیئے گئے وعدوں سے انحراف کیاگیا ہے ہم وفاق پاکستان کی سیاست کررہے ہیں جو معاہدے صوبائی حکومت کے ساتھ ہوئے وہ آئین اور قانون کے دائرہ میں تھے لیکن صوبائی نے وعدہ خلافی کی۔

انہوں نے کہا کہ مکران کی پسماندگی میں چالیس سالوں سے مسلط نمائندے بھی برابر کے شریک ہیں قومی صوبائی اسمبلی اور سینٹ میں اس وقت مکران سے 13 نمائندے موجود ہیں لوگوں نے انکو منتخب کرکے اسلام آباد اور کوئٹہ میں مرغیاں پالنے کے لیے نہیں بھیجا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی کی موجودگی میں بلوچستان آگے نہیں بڑھ سکتا ہے ہمارے مسائل میں اضافہ کی ایک وجہ بھی ایف سی ہے اور اسکے بلوچستان سے جانے تک جہدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے نزدیک ہمارے خون کافی سستا ہوچکا ہے ڈیتھ اسکواڈ کے ہاتھوں ہمارے نوجوانوں کو قتل کرادیا جاتا ہے

مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ حکومت کی وعدہ خلافی پر 27 اکتوبر کو ایک بار پھرگوادر میں تاریخی ریلی اور دھرنا دیا جائے گا جس میں عوام بھرپور شرکت کرے

جلسہ سے بزرگ قوم پرست رہنما حسین واڈیلا نے کہا کہ بلوچستان سے جتنے نمائندے اسمبلی میں ہیں وہ بلوچستان کے نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے ہیں جو اپنے اقتدار کے لیے چالیس سالوں سے قوم کو دھوکہ دیتے آرہے ہیں 75 سالہ ظلم وانصافیوں کا خاتمہ اتحاد ویکجہتی سے ممکن ہے اور مولانا ہدایت الرحمن یہ پیغام لیکر گھر گھر گاوں گاوں جارہے ہیں

حسین واڈیلا نے کہا کہ بلوچوں کی نو ہزار سالہ تاریخ ہے یہ سرزمین ہماری ہے کسی کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ ہم پر مذید ظلم اور جبر کرے آج بلوچ قوم جس پستی کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ آپس کی نااتفاقی ہے حق دو تحریک بے گناہ بلوچوں کے خون کا حساب لے کر رہے گا

انہوں نے کہا کہ ایف سی نے سیکورٹی کے نام پر ہمارے گھروں اور سکولوں پر چوکیاں قائم کرکے ان پر قبضہ کرلیا ہے

انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کا دھرنا اسلام آباد کے درودیواروں کو ہلا کر رکھ دے گا

جلسہ سے حق دو تحریک پنجگور کے ضلعی آرگنائزر آغا شاہ حسین نے کہا کہ عوام کے لیے روزگار کے دروازے بند کردیئے گئے ہیں جیرک بارڈر پر انتظامیہ کی عمل داری برائے نام ہے اصل اختیارات ایف سی کے پاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی ہمارا محافظ نہیں بلکہ قاتل ہے ایف سی نے ہمارے بھائیوں کو قتل کیا ہے، یا انہیں تاریک زندانوں کے نظر کئے ہیں،انہوں نے کہا ایف سی باڈر پہ سیکورٹی کے نام پر کاروبار کرکے کروڑوں روپے کما کر پنڈی اور پشاور لے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک بارڈر کے حوالے سے ایف سی کی مکمل بیدخلی کے موقف پر قائم ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ مقامی انتظامیہ مکمل بااختیار ہو انتظامیہ کو بھی کہتے ہیں کہ وہ عوام کو بیجا تنگ نہ کرے جلسہ سے کیچ کے رہنما یعقوب جوسکی ملا فرہاد اشرف ساگر حافظ سراج عابد اشرف عارف مولجان اور دیگر نے خطاب کیا۔