شاہ زیب قتل کیس: شاہ رخ جتوئی سمیت دیگر ملزمان بری

351

سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی اور اسکے ساتھیوں کو بری کردیا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی اس دؤران ملزمان کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل میں کہا کہ فریقین کا پہلے ہی راضی نامہ ہوچکا ہے، ملزمان کا دہشت پھیلانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، قتل کے واقعے کو دہشتگردی کا رنگ دیا گیا۔

بعد ازاں عدالت نے فیصلہ  سناتے ہوئے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر ملزمان کو بری کردیا۔

واضح رہےکہ 25 دسمبر 2012 کو درخشاں تھانے کی حدود میں 20 سالہ نوجوان شاہ زیب  کو بہن کی شادی سے گھر واپسی پر کراچی میں ڈیفنس کے علاقے میں گولیاں مار کر قتل کیاگیا تھا۔

شاہ زیب قتل کیس میں ٹرائل کورٹ نے شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کو سزائے موت سنائی تھی جب کہ ملزم نواب سجاد اور غلام مرتضیٰ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

سندھ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو عمرقید سنائی تھی جب کہ ملزمان نے عمرقید کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔