دوستوں کو مفت نیٹ فلکس استعمال کرانے والے صارفین کیلئے بری خبر

274

مقبول ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کی جانب سے اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین کے حوالے سے مختلف اقدامات کی آزمائش کافی عرصے سے کی جارہی ہے۔

اب یہ کمپنی پاس ورڈ شیئر کرکے دوستوں یا رشتے داروں کو اس سروس کا مفت استعمال کرانے والے افراد کے خلاف پوری دنیا میں کریک ڈاؤن کرنے کے لیے تیار ہے۔

کمپنی کی جانب سے سہ ماہی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر اعلان کیا گیا کہ 2023 کے شروع میں ایسے افراد سے اضافی ماہانہ فیس لی جائے گی جو اپنی لاگ ان تفصیلات دیگر افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔

اس سے قبل اگست میں کمپنی نے لاطینی امریکا کے 5 ممالک میں ایک ٹیسٹ کا آغاز کیا تھا جس کے تحت دوسروں سے پاس ورڈ شیئر کرنے والوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ہر اضافی گھر پر فیس ادا کریں۔

اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ اس کی رہائش گاہ سے باہر مختلف مقامات پر 2 ہفتوں سے زیادہ استعمال ہوگا تو کمپنی کی جانب سے اضافی فیس ادا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

آسان الفاظ میں اگر کوئی ایسا فرد آپ کا نیٹ فلکس اکاؤنٹ استعمال کرتا ہے جو آپ کے گھر میں مقیم نہیں تو اضافی فیس ادا کرنا پڑے گی۔

نیٹ فلکس کی جانب سے ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ آئندہ سال سے ایسے صارفین کو کتنی اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔

البتہ لاطینی امریکی ممالک میں ہر صارف سے ایک اضافی گھر پر 3 ڈالرز کی اضافی فیس لی جارہی ہے۔

جو صارفین اس سے بچنا چاہتے ہیں ان کے لیے کمپنی نے حال ہی میں اکاؤنٹ مائیگریشن ٹول کو متعارف کرایا ہے۔

نیٹ فلکس کے مطابق دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زیادہ گھرانے ان اکاؤنٹس کو استعمال کرتے ہیں جن کی ادائیگی دیگر افراد کرتے ہیں۔