خاران سے دو سگے بھائی پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

255

بلوچستان کے علاقے خاران سے مزید دو افراد کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ۔

لاپتہ ہونے والے افراد کی شناخت یوسف بادینی اور پرویز بادینی ولد فیض محمد بادینی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں سے یوسف بادینی جوکہ خاران بازار چیف چوک کے قریب چاول بیچتا ہے، اسے ایف سی اہلکاروں نے صبح ایف سی کیمپ میں چاول پارسل کرنے کو کہا وہ اپنے ساتھ کام کرنے والے ایک لڑکے کے ساتھ ایف سی کیمپ چلا گیا جہاں فورسز نے اسے حراست میں لے لیا اور دوسرے ساتھی کو چھوڑ دیا۔

اس کے بعد فورسز نے خاران کلان مولوی مجید مسجد کے قریب واقع یوسف بادینی کے گھر پر چھاپہ مارا، گھر میں توڑ پوڑ کے بعد اس کے دوسرے بھائی پرویز بادینی کو بھی حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔

خیال رہے کہ خاران میں چوبیس گھنٹے کے دوران جبری گمشدگی کے پانچ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔گذشتہ شب پاکستانی فوسز نے تین افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے، لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کی شناخت جابر یلانزئی ولد پذیر احمد، نجیب اللہ یلانزئی ولد محمد حسین اور شفقت یلانزئی ولد عبدالرحیم کے ناموں سے ہوئی ہیں۔