افغانستان: مسلح حملے میں ٹی ٹی پی رکن قتل

389

افغانستان کے جنوبی صوبہ کندھار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے ایک شخص قتل کردیا۔

فائرنگ کا واقعہ کندھار کے سرحدی علاقے اسپین بولدک کے مقام پر پیش آیا۔ جہاں قتل ہونے والے شخص کی شناخت بسم اللہ عرف اسد اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

مرنے والے شخص کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس کا تعلق کندھار سے متصل بلوچستان کے علاقے چمن سے تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان کے ارکان پر حملے ہوتے رہے ہیں جن میں انہیں جانی نقصانات کا اٹھانا پڑا ہے۔ گزشتہ روز ہلمند کے علاقے گرمیسر میں پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے فائرنگ کرکے تحریک طالبان پاکستان کے ممبر کو زخمی کردیا جبکہ حملہ آوروں میں سے ایک کو افغان حکومت کے اہلکاروں نے گرفتار کرلیا۔

اسی سال مارچ میں کندھار میں مسلح افراد کی فائرنگ سے عبدالوہاب لاڑک عرف حکیم سندھی مارا گیا تھا۔ حکیم سندھی کا تعلق سندھ کے علاقے شکار پور سے تھا۔

رواں سال اگست میں ٹی ٹی پی کے اہم رہنماء ملا عمر خالد خراسانی، حافظ دولت خان، ملا حسن، ملا امیر اور مولانا عقابی دو مختلف حملوں مارے گئے تھے۔