آرمی چیف لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کریں -آمنہ مسعود جنجوعہ

279

ڈیفنس آف ہیومن رائیٹس (ڈی ایچ آر) کے چیئر پرسن کا کہنا ہے آرمی چیف جبری گمشدگی جیسے انسانیت سوز مسئلے کو حل کریں تاکہ پاکستان کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے نجات حاصل ہو سکے اور سالہا سال سے انصاف کے متلاشی لاپتہ افراد کے ورثا کو انصاف مل سکے۔

تنظیم کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ 6 جولائی 2019 کو ان کی ملاقات ڈی- جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور سے ہوئی جس میں لاپتہ افراد/ جبری گمشدگی کے مسئلہ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

آمنہ مسعود کا کہنا تھا جی ایچ کیو میں ایک سیل موجود ہے جس کی نگرانی جنرل قمر جاوید باجوہ خود کر رہے ہیں اور اس مسئلہ کو حل کیا جائے گا۔

مسعود جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ اس ملاقات کے بعد میرے اور بہت سے لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے اندر امید کی کرن جاگی اور انہیں محسوس ہوا کہ بہت جلد اس مسئلہ کا حل نکل آئے گا اور ہمارے پیارے بہت جلد بازیاب ہو جائیں گے اس ملاقات کے بعد آٹھ سال سے دولاپتہ بھائی رہا بھی ہوگئے تھے-

آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے ورثاء سالہا سال سے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ہر دروازے پر دستک دے رہے ہیں لیکن انہیں کہیں سے انصاف نہیں مل سکا ان کے پیارے بازیاب نہیں ہوئے۔

چیئرپرسن آمنہ جنجوعہ کا مزید کہنا تھا جبری گمشدگیوں کا مسئلہ اداروں کے وقار میں اضافہ نہیں کر رہا اگر جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے سے قبل اس مسئلہ کو حل کر دیں تو لاپتہ افراد کے لواحقین کے دکھوں کا مدعوا ہوگا-