ٹرمپ کے گھر سے جوہری راز پر مبنی انتہائی خفیہ دستاویز ملنے کا انکشاف

205

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف بی آئی کے چھاپے میں امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سے جوہری راز پر مبنی انتہائی خفیہ دستاویز بھی ملی ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دستاویز میں ایک غیر ملکی طاقت کی جوہری صلاحیت اور دفاع کا ذکر ہے، دستاویز اتنی حساس ہے کہ صرف صدر یا کابینہ کا رکن ہی اس تک رسائی کی اجازت دے سکتا ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کی دستاویزات تک رسائی کے لیے خصوصی اجازت درکار ہوتی ہے، انتہائی حساس مواد کے جائزے کے لیے ایف بی آئی اور اٹارنی کو خصوصی اجازت لینی پڑی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ انتہائی خفیہ دستاویزات کو ممکنہ طور پر چھپایا گیا تھا، ٹرمپ چاہتے تھے کہ حساس مواد سے متعلق ایف بی آئی کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالی جائے۔

ایف بی آئی نے رواں ماہ 8 اگست کو فلوریڈا میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مارالاگو ریزورٹ پر چھاپہ مارا تھا، یہ ریزورٹ پرائیویٹ ممبر کلب کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

اس سے قبل بھی حساس دستاویزات پر ٹرمپ اور نیشنل آرکائیو کے درمیان طویل رسہ کشی ہوئی تھی۔

ٹرمپ نے جنوری میں شکست تسلیم کر کے دستاویز کے 15 بکس حکام کے حوالے کیے تھے۔ حوالے کیے گئے ان بکسوں میں 184 دستاویزات پر ٹاپ سیکرٹ، سیکرٹ اور کانفیڈینشل کے مارک تھے۔

انہی دستاویزات کے جائزے کے بعد ایف بی آئی نے ٹرمپ کے گھر پر چھاپہ مارنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایف بی آئی کی مداخلت کے بعد ٹرمپ کے وکلاء نے مزید 38 خفیہ دستاویزات فراہم کیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے وکلاء نے سرٹیفکیٹ میں حلفیہ کہا ہے کہ یہ آخری مواد ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایف بی آئی کے پاس ٹرمپ کے گھر پر مزید حساس مواد کی موجودگی کے ثبوت بھی تھے۔