ساحل بلوچستان پر غیر قانونی ٹرالرنگ میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ صوبائی حکومت نے سمندر تاراج کرنے کے لئے ٹرالر مافیا کو کلین چھٹ دے دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سنیٹر طاہر بزنجو نے ضلع گوادر کے سمندری حدود میں آئے روز مچھلیوں کے غیر قانونی شکار میں اضافہ پر نیشنل پارٹی کے صوبائی فشریز سیکریٹری آدم قادربخش سے ٹیلفونک گفتگو کے دوران کیا۔
سنیٹر میر طاہر بزنجو کا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی نے غیر قانونی ٹرالرنگ کے خلاف سنیٹ میں بھرپور آواز اٹھاکر ماہی گیروں کے معاشی قتل عام کو روکنے کا مطالبہ پیش کیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے یقینی دہانیوں کے باوجود بلوچستان کا زرخیز ساحل ٹرالر مافیا کے لئے جنت بن گیا ہے ایسا کوئی دن نہیں کہ مہلک جالوں سے لیس بین الصوبائی ٹرالرز گڈانی سے لیکر اورماڑہ اور جیونی کے ساحل پر دھندناتے ہوئے نظر نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالرنگ کی وجہ سے ماہی گیروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور لاکھوں ماہی گیر خاندان بے روزگاری کی عفریت کا شکار ہیں لیکن صوبائی حکومت ٹھس سے مس نہیں ہوتی بلکہ وہ ٹرالر مافیا کی سہولت کار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ساحل بلوچستان پر غیر قانونی ٹرالرنگ کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کرے گی وفاقی اور صوبائی حکومت ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات بروئے کار لائیں جب کہ نیشنل پارٹی اس اہم عوامی نوعیت کے مسئلہ پر سنیٹ کے اجلاس میں پھر سے بھرپور آواز اٹھاکر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔