تربت یونیورسٹی میں ڈپریشن کے موضوع پر آگاہی سیشن کا انعقاد

193

یونیورسٹی آف تربت میں “ڈپریشن” کے موضوع پر ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیاگیا جس کا اہتمام یونیورسٹی آف تربت کے سائنس کلب اور فیکلٹی آف سائنس اینڈانجینئرنگ کے تعاون سے کیا گیا تھا۔

مکران میڈیکل کالج کے کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر شعیب کاشانی نے بطور مہمان مقرر سیشن میں شرکت کی۔ ڈاکٹر شعیب کاشانی نے ڈپریشن کی وجوہات اور نتائج کو مثالوں کے ساتھ واضح کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپریشن کی وجہ سے طلباء میں خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان افسوسناک ہے۔ ڈپریشن پر قابو پانے کے لئے مختلف تجاویز دیتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ ڈپریشن میں مبتلا کسی بھی شخص کو ورزش کا شیڈول شروع کرنے کے علاوہ سماجی روابط میں بہتری لانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپریشن کو ادویات کے ذریعے بھی بتدریج کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر شعیب کاشانی نے خوف، بے چینی، بے خوابی اور دیگر ذہنی عارضے اور ان سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے ڈپریشن اور اور اس سے متعلق دیگر موضوعات پرتحقیق کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر حنیف الرحمان نے تربت یونیورسٹی کا دورہ کرنے اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے ساتھ اتنے اہم موضوع پر انٹرایکٹوسیشن منعقد کرنے پر ڈاکٹر کاشانی کا شکریہ ادا کیا۔

سیشن میں فیکلٹی ممبران، تربت یونیورسٹی کےسائنس کلب کے ارکان اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔