ہرنائی: فوجی کیمپ و کانوائے پر حملہ، ہلاکتوں کی اطلاع

689

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں مسلح افراد نے پاکستان فوج کے کیمپ اور ان کی مدد کیلئے آنے والے اہلکاروں کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں گذشتہ رات مسلح افراد کی بڑی تعداد نے فوج کے مرکزی کیمپ پر حملہ کردیا، حملہ آوروں نے راکٹوں و دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

جبکہ حملہ آوروں کی ایک جتھے نے کوئٹہ ہرنائی مرکزی شاہراہ کو آمدورفت کیلئے بند کردیا۔ کیمپ پر حملے کے بعد مدد کیلئے پہنچنے والے فورسز کے قافلے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

حکام نے تاحال نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

دوسری جانب گذشتہ رات ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں قلم دین چوک پر فورسز کے چوکی پر نامعلوم افراد نے دستی بم حملے سے حملہ کیا۔ علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ آور چوکی کے اندر بم پھینک کر فرار ہوگئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم حکام نے نقصانات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا ہے۔