بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایک اور شخص نے اپنی زندگی کا خاتمہ اپنے ہاتھوں سے کرلیا، کیچ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ خودکشی کا دوسرا واقعہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیچ کے تحصیل تمپ کے علاقے شاہی تمپ میں سعید ولد صابر علی نامی شخص نے اپنے گھر میں پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا ۔
ضلع کیچ کے تحصیل تمپ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ خودکشی کا دوسرا واقعہ ہے کل یعنی بروز جمعہ کو بھی تمپ کے علاقے دازن میں ایک شخص نے خودکشی کیا تھا۔
بلوچستان میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات خطرناک صورتحال اختیار کررہے ہیں، رواں ہفتے بلوچستان بھر میں جتنے بھی کیسز دی بلوچستان پوسٹ کو موصول ہوئے ہیں ان کی تعداد آٹھ ہوگئی، ایک اندازے کے مطابق جو کیسز میڈیا کو موصول ہورہے ہیں اصل تعداد ان سے کئی گناہ زیادہ ہے جو میڈیا تک پہنچ ہی نہیں رہے ہیں۔
رواں ہفتے بلوچستان کے ضلع کیچ، نوشکی، پنجگور اور گوادر میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں رپورٹ ہونے والوں میں دو کیس پنجگور، ایک نوشکی، چار کیچ اور ایک پسنی سے شامل ہیں جبکہ وڈھ سے موصول ہونے والے ایک رپورٹ کے مطابق ایک شخص نے خودکشی کی کوشش کی ہے۔