کوئٹہ اور تربت میں ایف سی اور پولیس پھر دستی بم حملے

474

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اور تربت میں نامعلوم افراد نے ایف سی اور پولیس کو دستی بم حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی شام نامعلوم افراد نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت آبسر کے مقام پیراملٹری فورس ایف سی کی چوکی کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق حملے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ فورسز کو اس حملے میں نقصان کا سامنا رہا ہے تاہم حکام کی جانب سے اس تصدیق تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے اطلاعات ہیں کہ نامعلوم افراد نے قمبرانی روڈ پر دستی بم حملے میں پولیس کو نشانہ بنایا ہے۔

گذشتہ دو روز کے دوران اس نوعیت کے چار حملے ہوئے ہیں اس سے قبل کوئٹہ اور خضدار میں فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو دستی بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا جن کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی۔

تاہم آج ہونے والے حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔