پاکستانی وزیراعظم کا کرنل لئیق کے لواحقین سے تعزیت

583

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ دنوں ہلاک ہونے والے پاکستان فوج کے کرنل لئیق بیگ کے لواحقین سے تعزیب کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف دورہ بلوچستان کے دوران لیفٹینٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کے کوئٹہ میں واقع ان کی رہائش گاہ گئے اور انکے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

بلوچستان کے شہر زیارت کے قریب رواں ماہ 13 اور 14 جولائی کی درمیانی شب ڈی ایچ اے کوئٹہ کے سینیئر افسر لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا اور ان کے چچا زاد بھائی عمر جاوید کو مسلح افراد شناخت کے بعد اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔

واقعے کے بعد پاکستان فوج نے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کیا تاہم وہ مغویوں کے بازیابی میں ناکام رہیں جبکہ بعدازاں مختلف اوقات میں دونوں افراد کی لاشیں ملی۔

مذکورہ کاروائی کی ذمہ داری بلوچستان میں متحرک بلوچ آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔ تنظیم کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ “کرنل لئیق کو اسکے جرائم کی  پاداش میں بلوچ قومی عدالت سے سزائے موت سنائی گئی۔ جسکے فوری بعد سزا پر عملدرآمد کیا گیا۔”

زیارت واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر آپریشن جاری جاری رہا جہاں آئی ایس پی آر نے بی ایل اے کے 9 ارکان کے مارے جانے کا دعویٰ کیا۔ تاہم  بی ایل اے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ آپریشن میں تنظیم کا کوئی رکن نہیں مارا گیا۔

مذکورہ آپریشن میں قتل کیے گئے سات افراد کی شناخت پہلے سے جبری طور پر لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی جن کے کیسز عدالتی کمیشن کے پاس بھی جمع تھے جبکہ بعض افراد کے لواحقین انکی بازیابی کیلئے سراپا احتجاج تھے۔

زیارت آپریشن اور جعلی مقابلے کیخلاف لاپتہ افراد کے لواحقین گورنر ہاوس بلوچستان کے باہر آج بھی دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔ ان کے احتجاج کو آج بارہ دن مکمل ہوگئے۔ مظاہرین مطالبات پر عملدرآمد ہونے تک احتجاج کا عندیہ دے چکے ہیں۔