روس کار بم دھماکہ میں اہم شخصیت کی بیٹی ہلاک

354

روس کے دارالحکومت ماسکو کے قریب کار بم دھماکے میں روسی فلاسفر الیگزینڈر ڈوگین کی بیٹی کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا ہے-

روسی میڈیا کے مطابق روسی فلسفی الیگزینڈر ڈوگین کی بیٹی دریا ڈوگینا ایک تقریب سے گھر جانے کے دوران ماسکو سے باہر ایک کار دھماکے میں ہلاک ہو گئیں کار میں دھماکہ ماسکو کے علاقے میں واقع گاں بولشیے ویازمی کے قریب ہوا جس سے دریا ڈوگینا موقع پر ہی ہلاک ہو گئی-

میڈیا کے مطابق کار بم دھماکے میں ہلاک ہونے والی خاتون دریا ڈوگینا ایک روسی فلسفی الیگزینڈر ڈوگین کی بیٹی ہے الیگزینڈر ڈوگین روس کے جانے مانے فلسفی ہیں جبکہ وہ روسی صدر پوتن اور ماسکو حکومت کے قریبی شخصیات میں سے ہیں-

روسی حکام نے بم دھماکے کا الزام یوکرینی حکومت پر عائد کیا ہے-

روسی سیکورٹی حکام کو خدشہ ہے کہ کار بم دھماکہ کا نشانہ در اصل الیگزینڈر ڈوگین خود تھے جنھیں اس کار میں ایک تقریب سے واپس ماسکو آنا تھا تاہم کچھ وجوہات کے بناء پر وہ دوسرے کار میں بیٹھ گئے انکی کار انکی بیٹی چلا رہی تھی-

مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

یاد رہے الیگزینڈر ڈوگین پوتن کے قریبی مانے جانے والے دوستوں میں شامل ہیں جبکہ جلاء وطن روسی صحافی مذکورہ فلسفی کو روس یوکرین جنگ کی اہم کردار قرار دیتے ہیں-

واقعہ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے جلاء وطن بیلاروسی صحافی ہناء لیوباکوا نے کہا روسی حکام یوکرین کو واقعہ میں مورد الزام ٹھہرا کر اپنے حملوں کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ اس واقعہ سے روس اپنے عوام میں جنگ کی حمایت پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے-

دوسری جانب یوکرین صدر کے ترجمان نے واقعہ پر روسی حکام کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہیں کہا ہے کہ یوکرین کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں یوکرین صدر کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ ایسے واقعات روس کے اپنے اندرونی اختلافات کے باعث پیش آتے ہیں جن کا یوکرین سے کوئی تعلق نہیں ہے-