سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ لسبیلہ میں سیلاب متاثرین امداد کے منتظر جبکہ حکومت ریلیف دینے میں ناکام ہے، سیلاب کے دوران انسانی قیمتی جانیں ضائع ہوئی بلکہ لوگوں کے مال مویشی اراضیات مکانات بھی تباہ ہوئے۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں اور سیلاب نے لسبیلہ کے متعدد علاقوں کو شدید متاثر کیا اور نقصان بھی بہت ہوئے ہیں۔ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین اور مصیبت زدہ لوگوں کو ریلیف دینے میں ناکامی سے دو چار ہے وسیع پیمانے پر لوگوں کے گھر مال مویشی اور اراضیات سیلاب کی نذر ہوئی ہیں متاثرین کا حکومتی سطح پر خاطر خواہ مداوا نہیں ہوپا رہا اور نہ ہی شنوائی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی سیلاب زدہ علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بحالی کی کوشش کررہے ہیں اور غیر سرکاری رضا کار تنظیمیں امدادی سرگرمیاں کرکے متاثرین کی بحالی اور ممکنہ امداد کے لیے کوشش کررہی ہیں حکومت متاثرین کی مشکلات اور کسمپری سے بے خبر ہے۔