بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع راجوڑی میں بھارتی فوجی کیمپ پر حملے میں 3 اہلکار ہلاک جب کہ ایک افسر سمیت پانچ زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیر کے علاقے راجوری کے پرگال فوجی کیمپ پر خودکش حملہ آج صبح کے وقت کیا گیا۔
بھارتی نشریاتی ادارے ‘این ڈی ٹی وی’ کے مطابق عسکریت پسندوں نے فوجی کیمپ کے قریب لگی باڑ کو عبور کرنے کی کوشش کی تو اس موقع پر پہرے پر موجود اہلکاروں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔
دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں بھارتی فوج کے تین اہلکار ہلاک جب کہ ایک افسر سمیت پانچ زخمی ہو گئے۔
گذشتہ چار برس کے دوران جموں میں فوجی کیمپ پر ہونے والا یہ پہلا حملہ ہے۔ آخری مرتبہ فروری 2018 میں عسکریت پسندوں نے سنجاوا کیمپ پر حملہ کیا تھا جس میں چھ فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہوئے تھے۔ اس سے قبل 2016 میں اڑی سیکٹر پر ہونے والے حملے میں 18 اہلکار مارے گئے تھے۔