چاغی: فورسز کی کاروائی، سرحدی کاروبار سے منسلک شخص جانبحق

549

افغانستان سے متصل بلوچستان کے علاقے چاغی میں پاکستانی فورسز کی کاروائی میں گاڑی کلینر جانبحق جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہوا ہے۔

مقامی صحافیوں کے مطابق افغان سرحد سے متصل چاغی کے علاقے میں فرنٹیئر کور فورسز کی جانب سے پیچھا کرنے پر کھاد سے بھری زامیاد گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں کلینر عزت اللہ جاں بحق جبکہ ڈرائیور ستار خان شدید زخمی ہوگئے۔

مذکورہ دونوں افراد افغان مہاجر ہیں جو بلوچستان سے کھاد لے کر افغانستان اسمگل کرنا چاہتے تھے۔

گذشتہ دنوں چاغی میں ڈیورنڈ لائن پر پاکستانی آرمی کی تشدد سے متعدد محنت کش شدید زخمی ہوگئے تھے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا ریکوڈک کی افتتاح سے سرحدوں کی بندش سے مقامی افراد کو سخت مشکلات کا سامنا پڑرہا ہے۔

خیال رہے ڈیورنڈ لائن اور گولڈ سمڈ لائن سے متصل علاقوں کے افراد کا دارومدار سرحد سے منسلک کاروبار ہوتا ہے۔

مذکورہ علاقوں میں اس سے قبل بھی اس نوعیت کے واقعات رونماء ہوچکے ہیں جہاں تیل و دیگر کاروبار سے منسلک افراد کو فورسز کی جانب سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

رواں سال اس نوعیت دو واقعات رپورٹ ہوئے جن میں تیل کاروبار سے منسلک ڈرائیور کو فائرنگ کرکے قتل کرنے اور بعدازاں واقعے کیخلاف مظاہرین پر فائرنگ کے واقعے پر بلوچستان بھر میں احتجاج کیا گیا۔ علاوہ ازیں گذشتہ دنوں بھی پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی تھی۔