نیشنل پارٹی ساحل اور وسائل کی محافظ جماعت ہے – ڈاکٹر مالک

259

نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے وسائل اور ساحل کی محافظ جماعت ہے بلوچ قومی مفادات کے لیے نیشنل پارٹی نے عوامی طاقت کے ساتھ ہمیشہ جدوجہد کی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری اس وقت پورے ملک کا اہم مسئلہ ہے، موجودہ حکومت بد قسمتی سے مہنگائی روکنے میں کارآمد نسخہ آزمانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کلگ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک قومی جمہوری پارٹی ہے جسے عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے، حالیہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے نیشنل پارٹی کو ووٹ کرکے ثابت کردی کہ بلوچستان میں وسائل اور ساحل کے تحفظ کی سب سے بڑی سیاسی فورس نیشنل پارٹی ہے جسے عوام کی مکمل سپورٹ اور قوت حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے اپنی اڑھائی سالہ دور حکومت میں بلوچستان کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کی اور ان میں سے بہت سوں کو مختصر مدت کے اندر تکمیل تک بھی پہنچایا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کا جو طوفان آیا ہے اس سے عام لوگ متاثر ہوئے ہیں بدقسمتی سے موجودہ حکومت مہنگائی اور بیروزگاری روکنے کے لیے کوئی کارآمد نسخہ نہیں پیش کرسکی جس کی توقعات ان سے تھیں۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سید ملا برکت، ضلعی نائب صدر طارق بابل، بی ایس او کے مرکزی وائس چیئرمین بوھیر صالح، نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری فضل کریم، سابق ضلعی صدر محمد جان دشتی، ضلعی رہنما بلخ شیر قاضی، حفیظ علی بخش، کہدہ دوستین، سلیم زامرانی، بشیر زامرانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

شمولیتی تقریب میں لوگوں کی کثیر تعداد نے مختلف پارٹیوں سے استعفیٰ دے کر نیشنل پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔