جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ،بلوچ مخالف ہیں ان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا- جمیل بگٹی

624

نواب اکبرخان بگٹی کے بیٹے جمیل اکبر بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر کوئی بھروسہ نہ کریں وہ ساری زندگی بلوچ مخالف رہے ہیں-

بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے مرکزی قائدین کی جانب سے گذشتہ روز زیارت واقعہ پر حکومت سے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا حکومتی اتحادی جماعت نے کمیشن کی سربراہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بنانے کا مطالبہ کیا ہے-

نینشل پارٹی مینگل کے اس مطالبے پر رد عمل دیتے ہوئے جمیل بگٹی کا کہنا تھا کہ قاضی فائز عیسی نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کی حیثیت سے اس وقت ثابت کردیا جب وہ میرے والد کے قتل پر جنرل مشرف کیخلاف میرے کیس کی سماعت کررہے تھے اور سماعت کے دوران وہ ایف آئی آر میں نامزد ملزم آفتاب شیر پاؤ کو اپنے چیمبر میں کافی کے ساتھ خاطر تواضع بھی کررہے تھے۔

یاد رہے چند روز قبل زیارت سے پاکستانی کرنل کے اغواء و قتل کے بعد زیارت کے پہاڑی علاقوں میں فورسز نے آپریشن کے دوران 9 اغواء کاروں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا تاہم دوسری جانب بلوچستان کے قوم پرست پارٹیاں اس آپریشن کی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں-

ان پارٹیوں کا موقف ہے کہ زیارت آپریشن میں قتل ہونے والے تمام افراد پہلے سے زیر حراست لاپتہ افراد تھیں جن کی شناخت لواحقین نے کرلی ہے-

زیارت آپریشن کے خلاف بی این پی مینگل کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے پارٹی کے مرکزی کال پر آج بلوچستان کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا۔