بلوچستان: خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد، ایک شخص قتل

332

بلوچستان کے دو مختلف اضلاع سے تین لاشیں برآمد ہوئی ہیں-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع دالبندین سے ضلعی انتظامیہ نے ایک شخص کی لاش برآمد کرکے طبی معائنہ اور شناخت کے لئے ڈی ایچ کیو پہنچا دیا-

ضلع انتظامیہ کے مطابق لاش شہر کے قریب ویرانے سے برآمد ہوئی ہے جسکی شناخت دالبندین کے رہائشی محمد رمضان ولد محمد مراد سے ہوئی ہے۔

پولیس واقعہ کے محرکات کے بارے مزید تحقیقات کررہی ہے-

ادھر اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کے سول اسپتال میں ایک خاتون اور ایک مرد کی لاش لائی گئی ہے جن کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے-

انتظامیہ کے مطابق لاشیں تین دن پرانی اور ان پر زخم کے نشانات ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے مذکورہ افراد کو قتل کیا گیا ہے لاشوں کو شناخت کے لئے اسپتال میں رکھ دیا گیا ہے-

دریں اثناء دارالحکومت کوئٹہ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جانبحق دوسرا زخمی ہو گیا ہے-

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں پیش آیا جہاں حالیہ سندھی پشتون تصادم کے باعث نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر سندھی ہونے کے شبہ میں ایک شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے-

پولیس کے مطابق قتل ہونے والے مذکورہ افراد بختیار آباد سبی کے رہائشی اور مغیری بلوچ ہیں اور سندھی بولتے ہیں- پولیس نے واقعہ کے ایف آر درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے-