انسانیت کی قدر اور احترام کرنا مسلمانوں پر لازم ہے۔ خطبہ حج

498

دین اسلام کے اہم ترین رکن حج 2022 کا خطبہ میدان عرفات میں دیا گیا، رواں برس حجاج کرام کو جمعے کے روز حج اکبر کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سال 1443 ہجری کے حج اکبر کے اراکین ادا کیے جانے کے بعد خطبہ حج میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں دیا گیا، رواں برس خطبہ حج کے لیے ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ خطیب مقرر کیے گئے ہیں۔

رواں برس خطبہ حج میدان عرفات سے براہ راست 14 زبانوں میں نشر کیا گیا جو ڈیڑھ کروڑ افراد تک پہنچے گا۔

جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات کے ذریعے حج کا خطبہ انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، روسی، چینی، بنگالی، ترکی، ملاوی، ہندی، اسپینی، تامل اور سواحلی زبانوں میں پیش کیا گیا۔

خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے کہا کہ، اے ایمان والو! اللہ کی عبادت کرو، اللہ ہی واحد معبود ہے، اسی کی عبادت کریں۔ مسلمانوں۔ اللہ تعالیٰ سے ڈرو، بے شک اللہ رب العزت ہر چیز سے واقف ہے۔

خطبے میں کہا گیا، وہ تمام عبادات کی جائیں جس کا حکم اللہ نے اپنے نبی ﷺ کے ذریعے دیا۔ اللہ سب کچھ جانتا ہے جو تم کرتے ہو، اللہ نے زکوٰة ادا کرنے کا حکم دیا ہے، اللہ نے نماز اور روزے رکھنے کا حکم دیا ہے۔ تقویٰ اختیار کرنے والا اللہ کا قرب حاصل کرتا ہے۔

خطبے میں کہا گیا، اسلام کی دعوت عام کرنے کی طرف جائیں، اللہ رب العزت نے فرمایا، لوگوں کو معاف کردیا کرو۔ رسول ﷺ نے فرمایا جن کے اخلاق اچھے ہوں گے وہ قیامت کے دن میرے زیادہ قریب ہوں گے۔ خیر کے کاموں میں مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔

خطبہ حج میں کہا گیا، مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ لوگوں کو نفع پہنچائیں، انسانیت کی قدر اور احترام کرنا مسلمانوں پر لازم ہے۔ سب سے بڑی نعمت توحید کی ہے۔

خطبے میں کہا گیا، اسلامی اقدار کا تقاضہ ہے جو چیز نفرت کا باعث بنے اس سے دور ہوجاؤ، اللہ نے فرمایا متقی کے لیے جنت کی خوشخبری ہے۔ سارے انسان آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں، اور آدم علیہ السلام مٹی سے بنے ہیں۔

خطبہ حج میں کہا گیا، نیکی کرنے میں ہمیشہ جلدی کرو، مصیبت اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی دور نہیں کرسکتا۔