ہرنائی: تعمیراتی کمپنی پر ایک اور حملہ

805
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر ایک بار پھر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد رفیق ترین کے مطابق ہرنائی میں زرد آلو کے مقام پر تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کا واقعہ رات گئے 3 بجے پیش آیا، اس وقت کیمپ میں 12 مزدور موجود تھے، فائرنگ سے ان میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد ٹریکٹر اور کرش مشین کو آگ لگا دی اور فرار ہو گئے۔

لیویز حکام نے بتایا ہے کہ 2 روز قبل بھی ہرنائی میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 2 مزدور زخمی ہو گئے تھے۔

لیویز حکام کے مطابق اس واقعے میں مسلح افراد 4 مزدوروں کو اغواء کر کے بھی لے گئے تھے جن کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔

خیال رہے ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔