پنجگور میں پاکستانی فورسز پر بم حملہ، 5 اہلکار ہلاک

797
file photo

بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں چوبیس گھنٹے کے دورانیہ میں فورسز پر تین مختلف علاقوں میں چار بم دھماکے ہوئے ہیں۔

فورسز کو بلوچستان کے ضلع کیچ، ڈیرہ مراد جمالی اور پنجگور میں مختلف اوقات میں نشانہ بنایا گیا۔

آج پنجگور کے تحصیل پروم کے علاقے کلیری میں پاکستانی فورسز کے گاڑی پر بم حملہ ہوا جس میں پانچ اہلکاروں کے ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

ہلاک اہلکاروں میں لانس نائیک امین انجم، سپاہی ثقلین، افزین عباس، سپاہی راؤ عمر، .سپاہی امین شامل ہیں جبکہ مزید جانی نقصانات کے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز کیچ کے مرکزی شہر تربت میں چوگان کنڈ کراس کے قریب پاکستانی فورسز ایف سی 147 ونگ کے قافلے کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

اس حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کرلی، بی ایل ایف ترجمان کے مطابق حملے میں فورسز کے آٹھ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں تاہم حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا۔

پنجگور و دیگر علاقوں میں ہونے والے دیگر تین حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔