خضدار یونیورسٹی میں بدنظمیوں کے خلاف احتجاج

582

بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار میں اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی جانب سے انتظامیہ کی بدنظمیوں کے خلاف بڑی تعداد میں طلباء نے ریلی نکال کر احتجاج ریکارڈ کرائی۔

اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کی طرف سے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے انتظامیہ کی سست روی، طلباء و طالبات کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنا اور طلباء کو ہراساں کرنے کے خلاف اور اپنی مطالبات کے حق میں ریلی نکالی گئی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی مہینوں سے انتظامیہ کو طلباء کی ان مسائل پر توجہ دلانے کی کوشش کی گئی تاہم انتظامیہ مسائل کے متعلق غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ آج کے اس ریلی کا مقصد انتظامیہ کی غیر سنجیدگی اور جامعہ میں ہونے والے کرپشن کو عیاں کرنا تھا۔

طلباء کا کہنا تھا کہ جب ہم ان مسائل کے حل کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ پر دباؤ ڈالتے ہیں تو انتظامیہ طلباء کو مختلف طریقوں سے حراسا کرتی ہے تاکہ طلباء اپنے مسائل پر آواز نہیں اٹھا سکیں۔

مظاہرین نے صوبائی حکومت و ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جامعہ میں موجود انتظامیہ کی غیر ادارتی رویوں کا نوٹس لیکر طلباء کی جائز مطالبات پورے کئے جائیں۔