بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے فورسز کے قافلے کو بم حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
فورسز کے قافلے کو تربت کے علاقے ڈنک میں نشانہ بنایا گیا ہے اطلاعات کے مطابق حملے میں فورسز کو جانی نقصان کا سامنا رہا ہے جبکہ حملے کے بعد فورسز نے علاقے کو سیل کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
نقصانات کے حوالے سے حکام کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے میں بلوچستان میں فورسز پر ہونے والے بم حملوں میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے، جہاں حکام نے تاحال ایک درجن کے قریب اہلکاروں کے ہلاکت و زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
گذشتہ دنوں زامران میں بلوچستان لبریشن آرمی کیجانب سے کیے جانے والے ایک آئی ای ڈی حملے میں پاکستانی فورسز کے دو اہلکار ہلاک ہوئے تھے جبکہ قبل ازیں پنجگوراور تربت میں تین مختلف نوعیت کے بم حملوں میں پاکستانی فورسز کے مجموعی طور پر پانچ اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوئیں۔
پنجگور میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ اور تربت حملے کی ذمہ داری بلوچ نیشنلسٹ آرمی نے قبول کی تھی۔ آج تربت میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔