بلوچستان لبریشن فرنٹ نے آج تربت کے علاقے ڈنک میں فورسز پر ہونے والے بم حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ آج منگل کے روز سرمچاروں نے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے ڈنک میں دوپہر بارہ بجکر دس منٹ پر دشمن فورسز کے بمب ڈسپوزل اسکواڈ کے موٹر سائیکل ٹیم کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔ حملے میں ایک موٹر سائیکل مکمل تباہ ہوئی اور اس میں سوار دونوں اہلکار موقع پر ہلاک ہوئے جبکہ دوسرے موٹر سائیکل پر سوار دو اہلکار شدید زخمی ہوئے۔
میجر گہرام بلوچ نے کہا کہ قابض فوج کی یہ بم ڈسپوزل کلیرنس ٹیم فوج کی بڑی قافلوں کا راستہ کلیئر کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔ اس ٹیم کے ساتھ پولیس بھی تھی۔ پولیس نے سرمچاروں کا تعاقب کرنے کی کوشش کے ساتھ آبادی میں یلغار کر کے گھروں میں جارحیت کے ساتھ چادر و چار دیواری کی پامالی کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کا فرنٹ لائن پر ہوکر قابض دشمن کے ساتھ رہنا اور بلوچ جہد آزادی کے خلاف دشمن فوج کی طرح سرگرم رہنا کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم نے بلوچ ہونے پر پولیس کو کئی دفعہ اپیل کی ہے مگر وہ اس سے باز نہیں آ رہے۔