ایران: قدس فورس کا کمانڈر پراسرار حالات میں ہلاک

619

ایران کے انٹرنیشنل چینل نے انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ پیر کو کرج میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل زادہ پر اسرار طور پر ہلاک ہوگئے تھے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ قدس فورس میں یونٹ 840 کے کمانڈرکی موت گھرکی چھت سے گرنے سے ہوئی۔

باخبر ذرائع نے اشارہ کیا کہ اسماعیل زادہ حال ہی میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کرنل صیاد خدائی قریب سمجھے جاتے تھے۔ کرنل خدائی کو گذشتہ ماہ تہران میں ان کی رہائش گاہ کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈرمیجر جنرل حسین سلامی نے پیر کے روز پاسداران انقلاب کی ویب سائٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا تھا کہ مئی میں تہران میں کرنل صیاد خدائی کے قتل کے پیچھے “صیہونیوں” کا ہاتھ ہے۔

سلامی نے کہا کہ صیاد خدائی کو بدترین بدبختوں، یعنی صہیونیوں کے ہاتھوں قتل کیا گیا اور انشاء اللہ ہم شہید کے خون کا بدلہ لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دُشمن، وائٹ ہاؤس اور تل ابیب کے دل سے، مہینوں اور سالوں تک خدائی کو گھر گھر، اور گلی گلی پیچھا کرتا رہا۔ یہاں تک کہ وہ اسے قتل کرنے میں کامیاب رہا۔

تہران کے قلب میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کرنل خدائی کے قتل کے ایک ہفتے بعد اسرائیل نے اپنے شہریوں کو ایرانیوں کی طرف سے انتقامی کارروائیوں کے خوف سے ترکی کا سفر نہ کرنے کی سخت وارننگ جاری کی۔

سرکاری میڈیا کے مطابق کرنل خدائی کی موت اس وقت ہوئی جب 22 مئی کو وہ مشرقی تہران میں اپنے گھر کے قریب باہر کار میں بیٹھے تھے کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے انہیں قریب سے پانچ گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ موقعے پر ہی ہلاک ہوگئے۔