ہرنائی: فورسز کیلئے پانی لیجانے والی ٹینکر پر بم دھماکہ

319

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور کیلئے پانی لیجانے والی ٹریکٹر ٹینکر پر بم حملہ ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کھوسٹ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے روڈ پر بارودی سرنگ بچھائی تھی جس کی زد میں آنے والی ٹریکٹر ٹینکر تباہ اور اس میں سوار دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹریکٹر فرنٹیئر کور کو پانی فراہم کرتی تھی۔ دھماکے کے بعد فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش کا آغاز کردیا جبکہ ہلاک افراد کی لاشوں کو ایف سی کیمپ منتقل کیا گیا۔

اسی علاقے میں دو روز قبل نامعلوم افراد نے یوفون کمپنی کے موبائل ٹاور کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے تباہ کردیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری علاقے میں متحرک بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

تاہم آج ہونے والے بم حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔