کراچی و کوئٹہ سے چار بلوچ طالبعلم جبری لاپتہ

654

پاکستانی فورسز نے کراچی و کوئٹہ سے چار افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔ لاپتہ ہونے والوں میں سے تین کو کراچی اور ایک کو کوئٹہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری سے گذشتہ شب وحید بلوچ نامی نوجوان کو فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔

خاندانی ذرائع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کل رات سندھ رینجرز اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار جو ایک سیاہ رنگ ویگو گاڑی میں سوار تھے انہیں حراست میں لے کر لاپتہ کیا۔

جبکہ کراچی ہی سے اطلاعات ہیں کمبر سلیم سکنہ بلیدہ مہناز جو کراچی یونیورسٹی میں بی ایس ایگریکلچرل کا طالب ہے جنہیں فورسز نے کل کراچی سے حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔

ایک اور واقعہ کراچی میں پیش آیا ہے جہاں کراچی یونیورسٹی کے بائیو کیمسٹری کے طالب عرفان ولد عبدالرشید سکنہ بلیدہ مہناز کو گذشتہ شب کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے فورسز نے گھر پر چھاپہ مارکر حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ادھر بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے اطلاعات ہیں کہ سی ٹی ڈی نے ایم فل کے ڈگری یافتہ مسلم ولد اللہ بخش کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ نوجوان نے اپنی ایم فل پنجاب یونیورسٹی سے مکمل کی ہے اور وہ اس وقت سول سروس کے امتحان کی تیاری کررہا تھا۔