بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عیدالفطر منائی جاری ہے

534

بلوچستان کے شمالی اضلاع میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، مساجد میں عید کی نماز ادا کی گئی۔

وہاں پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی، اس موقع پر امن، سالمیت اور بقاء کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور خطبات میں مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے واقعہ کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

عیدالفطر کا مرکزی اجتماع پشاور میں چارسدہ روڈ پر واقع مرکزی عید گاہ میں ہوا جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے تمام علاقوں میں بھی عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جبکہ بنوں، نوشہرہ، صوابی، ٹانک اور مردان سمیت صوبے کے تمام شہروں میں عید منائی جارہی ہے تاہم ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر کل بروز منگل منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید برآں پاکستان میں بوہری برادری بھی آج عیدالفطر منا رہی ہے، کراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت خانے میں نماز عید ادا کی گئی، جس کے بعد بوہری برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

گذشتہ روز بلوچستان کے شمالی اضلاع میں مقامی رویت ہلال کمیٹیوں نے عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کے شمالی اضلاع جیسے چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ژوب، موسیٰ خیل، دکی، کوہلو، بارکھان میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

دوسری جانب گذشتہ روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے باہمی مشاورت کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ پاکستان بھر سے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا عیدالفطر منگل 3 مئی کو ہوگی۔

تاہم بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں چاند کی شہادتیں موصول ہوئی تھی لیکن پاکستان کی مرکزی روایت ہلال کمیٹی بلوچستان سے موصول شدہ شہادتوں کے بجائے کراچی اور لاہور سے شہادتیں وصول کرتی ہیں –