نوکنڈی: فورسز کے ہاتھوں ڈرائیور کے قتل کے بعد پرتشدد مظاہرے، مزید 8 افراد زخمی

1031

بلوچستان کے سرحدی ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں گذشتہ شب پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ اور ڈرائیور کی قتل کے خلاف احتجاج جاری ہے –

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے دالبندین میں آر سی ڈی شاہراہ بند کرکے ریلوے ٹریک پر بھی احتجاج کے باعث ریلوے سروس معطل ہوگئی ہے –

دوسری جانب شہر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر ٹریفک کم ہے –

سرحدی علاقوں میں کاروبار کرنے والے چھوٹے گاڑی ڈرائیوروں کے مطابق ‏سیکیورٹی اہلکاروں نے ویران سرحدی علاقے میں دو سو کےقریب گاڑیوں کے ریڈیٹرز میں ریت ڈال کر بیٹریز اتار دیئے اور ڈرائیورز کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا-

انہوں نے کہا کہ چھ گھنٹے پیدل سفر کرنے کے بعد کوئی گاڑی ملی جس نےنوکنڈی پہنچایا وہاں سرحد پر اس گرمی میں بہت سارے ڈرائیورز بھوک و پیاس میں پھنسے ہوئے ہیں-

خیال رہے کہ گذشتہ شب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں ڈیورنڈ لائن پہ پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے جانبحق ہونے والے ڈرائیور کے قتل کے خلاف احتجاج کا آغاز ہوا، مظاہرین پر فورسز کی فائرنگ سے مزید آٹھ کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے – آج اس واقعہ کے خلاف مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کی جارہی ہے۔