سندھ ہائیکورٹ کا لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو تھانوں میں طلب نہ کرنے کا حکم

252

سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے میں طلب نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو تھانے طلب کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے کہا کہ لاپتہ افراد سے متعلق تحقیقات کے لیے تفتیشی افسر اہلخانہ کے پاس جایا کرے اور آئندہ کسی فیملی کو تھانے طلب نہ کیا جائے۔

جسٹس اقبال کلہوڑو کا کہنا تھا کہ جسے بھی تحقیقات یا پیشرفت سے آگاہ کرنا ہے وہ خودد لاپتہ شخص کے اہلخانہ کے پاس جائے، بندہ لاپتہ ہونے سے لواحقین پہلے سے پریشان ہوتی ہیں اوپر سے ان کو بار بار طلب کرکے مزید پریشان کیا جاتا ہے۔

عدالت نے محکمہ داخلہ کو لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو تھانے میں طلب نہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا اور سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔