تربت: شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے حادثات – وفد کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

198

بلوچستان کے ضلع کیچ میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کے حوالے سے تربت سول سوسائٹی کی طرف سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں آل پارٹیز کیچ، انجمن تاجران اور کیچ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں مکران کوسٹل ہائی وے اور ایم ایٹ سی پیک شاہراہ پر آئے روز جان لیوا حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ان کے وجوہات پر غور کرکے انہیں ایک ڈرافٹ کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کیچ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد تربت سول سوسائٹی کے سنیئر ممبر اور آل پارٹیز کیچ کے سابقہ کنوینر خان محمد جان کی سربراہی میں ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، وفد میں آل پارٹیز کیچ کے کنوینر حاجی قدیر احمد، انجمن تاجران تربت کے جنرل سیکرٹری غلام اعظم دشتی، تربت سول سوسائٹی کے اراکین کامریڈ ظریف زدگ بلوچ ،احد الہی میروزئی ،اسد اللہ، راھد رھیم تربت پریس کلب کی طرف سے نائب صدر حافظ صلاح الدین سلفی اور پھلان خان شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات میں تربت سول سوسائٹی نے ٹریفک قوانین اور حادثات کی روک تھام کے لیے 7 نکات پر مشتمل ڈرافٹ پیش کیا، ڈی سی کیچ کو پیش کیے گئے ڈرافٹ میں مطالبہ کیا گیا کہ تربت ٹو کوئٹہ اور تربت ٹو کراچی روٹ پر چلنے والی گاڈیوں کے لیے اسپیڈ لمٹ مقرر کی جائے۔ دونون روٹ پر حادثے کی صورت میں مزکورہ ٹرانسپورٹ کمپنی پر کم از کم ایک لاکھ روپے جرمانہ اور حادثے میں شہید ہونے کی صورت میں ورثاء کو 10 تا 20 لاکھ روپے ٹرانسپورٹ مالک کو ادا کرنے کا پابند کیا جائے۔ دوران سفر ڈرائیور پر شراب نوشی یا کسی قسم کے نشہ کرنے اور موبائل فون کے استعمال کی ممانعت کی جائے خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس منسوخ اور کم از کم کمپنی پر ایک لاکھ جرمانہ عائد کیا جائے۔ تمام چھوٹے بڑے گاڈیوں اور موٹرسائیکل پر سرچ لائٹ لگانے کو جرم قرار دے کر ایسا کرنے والوں کو گرفتار اور جرمانہ عائد کیا جائے، 18 سال سے کم عمر بچوں پر ڈرئیوانگ کی پابندی لگائی جائے اگر کوئی بچہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تو ان کے سرپرست پر جرمانہ یا قید و بند کی کی سزا عائد کی جائے۔ ایم ایٹ کارواٹ سے ہوشاپ تک موٹر وے اور ہائی وے پولیس تعینات کی جائے اس کے علاوہ تربت سے کوئٹہ اور تربت سے کراچی روٹ پر مختلف مقامات پر ٹراما سینٹر بنائے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ کو تربت سول سوسائٹی کی طرف خان محمد جان نے ڈرافٹ پیش کی، ڈپٹی کمشنر کیچ نے ڈرافٹ کے تمام نکات کو قابل قبول کہتے ہوئے ان پر فوری عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ٹرانسپورٹرز کا ایک مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا اور انہیں اسپیڈ لمٹ، سرچ لائٹ سمیت دیگر نکات پر عمل کرانے کی تاکید کی جائے گی-

انہوں نے کہاکہ ٹراما سینٹر کا قیام ضلعی انتظامیہ کے اختیار سے باہر ہے البتہ ان کے لیے صوبائی حکومت کو لیٹرز لکھا جائے گا۔