آواران: میں جھڑپ، پاکستان فوج کے دو اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک

925

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن کے دوران دو افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے مشکے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔ آپریشن مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے گرفتاری کےلئے کیا۔

آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح افراد نے ٹھکانوں سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فورسز پر فائرنگ شروع کردی، آپریشن میں فورسز کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کے دو اہلکار نائیک تاج ولی اور سپاہی اسامہ بھی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک آفیسر زخمی ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والوں کے قبضہ سے اسلحہ و بارود برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مشکے میں کھندڈی کے مقام پر پاکستان فوج نے گذشتہ شب رات گئے انور عرف لالہ ہیبتان نامی شخص کے گھر پر حملہ کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق انور بلوچ اور ان کے بیٹے نے فورسز کے خلاف مزاحمت کی اور جھڑپ میں باپ بیٹا مارے گئے۔