کیچ: بلیدہ سے لاپتہ نوجوان کی مسخ شدہ لاش برآمد، ملزم گرفتار

581

مقتول نوجوان کے والد فوت ہوچکے ہیں اور وہ اپنی والدہ کا اکلوتا بیٹا تھا اور جلد ہی ان کی شادی ہونے والی تھی۔

بلوچستان کے ضلع کیچ میں گذشتہ دنوں پولیس کی نشاندہی کرنے پہ لوگوں نے رواں سال لاپتہ ہونے والے ایک شخص کی لاش برآمد کی جنہیں بعدازاں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد دفن کیا گیا۔

لاش بلیدہ کے پہاڑی علاقے سے برآمد کیا گیا تھا جہاں ملزمان نے مقتول کو قتل کرنے کے بعد دفن کیا تھا

پولیس کے مطابق بلیدہ سے 26فروری 2022ء سے لاپتہ ہونے والے نوجوان عبدالمالک ولد حفیظ الرحمٰن کو قتل کرکے لاش پہاڑی میں دفن کرنے والے ملزمان بھائیوں کوگرفتار کر کے لاش اور آلہ قتل برآمد کرلیا۔

مقتول کے کزن کے مطابق عبدالمالک کو آخری بار مذکورہ ملزمان کے کے ساتھ دیکھا گیا تھا جس کی بنا پر انہوں نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا

ڈی ایس پی تربت امام بلوچ نے بتایا کہ 9 مارچ 2022 کو مدعی مقدمہ سلمان ولد حفیظ اللہ نے پولیس تھانہ بلیدہ میں رپورٹ دی تھی کہ اس کا کزن عبدالمالک ولد حفیظ الرحمٰن سکنہ نوانو زامران حال سلو بلیدہ 26 فروری 2022ء کی صبح گھر سے سلو بازار کیلئے نکلا ہے جو تاحال لاپتہ ہے۔ انہوں نے 2 ملزمان عبدالحمید اور دین محمد پسران شیران ساکنان سلو بلیدہ کے خلاف بھی درخواست دی کہ شواہد ملے ہیں کہ گمشدگی والے دن عبدالمالک کو ان دونوں بھائیوں کے ساتھ دیکھا گیا تھا جس کی مدعیت میں پولیس تھانہ بلیدہ میں مقدمہ فرد نمبر 03/2022درج کیا گیا.

دوسری جانب ذرائع دعویٰ کررہے ہیں قتل میں ملوث اور مرکزی کرداروں میں پنجگور کے علاقے پروم کا رہائیشی شخص بھی شامل ہے جس کے بارے میں بتایا جارہا ہے مذکورہ شخص کا تعلق ممکنہ طور پر سرکاری حمایت یافتہ گروہ سے ہیں۔

اس حوالے سے پولیس کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے ناہی پولیس نے قتل کے محرکات کے حوالے سے کچھ بتایا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دو نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے عبدالمالک کو قتل کرکے بلیدہ کے پہاڑوں کے درمیان دفنایا ہے۔

ملزمان کے انکشاف اورنشاندہی پر آلہ قتل ٹی ٹی پسٹل برآمد کرکے سلوبلیدہ کے پہاڑی علاقے میں پولیس کی ٹیم نے شہریوں کے ہمراہ جائے واردات پہاڑی سلسلے کے درمیان جائے وقوعہ پرپہنچ کر لاش برآمد کرکے ہسپتال منتقل کردیا جہاں قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد مقتول کی نعش ورثاء کے حوالے کیاگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت سے ملزمان کا ریمانڈ حاصل کرلیاگیا ہے، ملزمان سے پولیس تفتیش کررہی ہے، ملزمان نے تفتیش کے دوران آلہ قتل پستول کو تربت کے نواحی علاقہ جوسک میں چھپانے کا اعتراف کیا ان کی نشاندہی پر آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی امام بلوچ نے کہا کہ مقتول نوجوان کے والد فوت ہوچکے ہیں اور وہ اپنی والدہ کا اکلوتا بیٹا تھا اور جلد ہی ان کی شادی ہونے والی تھی۔