پنجگور: پاکستانی فورسز پر مسلح افراد کا حملہ

886
File Photo

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے پوسٹ کو گذشتہ رات حملے میں نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے گذشتہ گچک کے علاقے جوان تاک میں فرٹیئر کور کے پوسٹ کو مختلف ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، اس دوران دو طرفہ فائرنگ جاری رہی جبکہ دھماکوں کی آواز بھی سنی گئی۔

بعدازاں حملہ آور نامعلوم سمت فرار ہوگئے۔ حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

پنجگور سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز پر بلوچ مسلح آزادی پسندوں کیجانب سے حملے ہوتے رہے ہیں۔ گذشتہ رات ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی گئی۔

قبل ازیں ضلع کوہلو کے علاقے یونین کونسل سفید میں نامعلوم کی جانب سے دو راکٹ فائر کیے گئے جن میں کوئی جانی و مالی نقصان ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق گذشتہ روز شام پانچ بجے کے قریب دو راکٹ فائر کیے گئے جن میں سے ایک لیویز سپاہی امیر حمزہ کے ٹیوب ویل کے قریب گرا جبکہ دوسرا مرکزی روڈ کے عقب میں گرا، بعد ازاں فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر مزید تفتیش شروع کر دی۔