وندر: مسلح افراد کی فائرنگ، ایک شخص زخمی

378

بلوچستان کے علاقے وندر میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو شدید زخمی کردیا ہے۔

زخمی شخص کی شناخت ملا ساول ولد علی کے نام سے ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو مسلح افراد نے کل شام کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مغرب کی نماز پڑھنے مسجد جارہا تھا۔

بلوچ نیشنل موومنٹ کے انفارمیشن سیکریٹری دلمراد بلوچ کے مطابق مذکورہ شخص آواران کے تحصیل جھاو کا رہائشی ہے، دلمراد بلوچ نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ شخص کو پاکستانی فورسز کے آلہ کاروں نے نشانہ بنایا ہے۔

دلمراد بلوچ کے مطابق وہ اس وقت کراچی میں ایک نجی اسپتال میں موت و زیست کی کشمکش میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فورسز نے اس سے قبل بھی اس خاندان سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کو قتل اور متعدد افراد کو لاپتہ کیئے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملا ساول جھاؤ میں رہائش پزیر تھے، لیکن گذشتہ پانچ سالوں سے وندر میں رہتے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان کے چچازاد سراج احمد ولد احمد اور خالق داد ولد محمد عیسیٰ کو 6 اکتوبر 2016 کو پاکستان فورسز نے دوران آپریشن قتل کیا تھا جبکہ ان کے ایک اور قریبی رشتہ دار حاجی محمد موسیٰ ولد نزر محمد کو 18 جون 2016 فورسز نے قتل کیا۔