صحافیوں کے خلاف ماورائے عدالت کارروائیوں پر تشویش ہے – بلوچستان یونین آف جرنلسٹس

224

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے صحافی و ڈھاڈر پریس کلب کے فنانس سیکرٹری غلام فاروق کے اغواء نما گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے-

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں بی یو جے کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظور احمد سمیت تمام عہدیداروں نے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافی غلام فاروق کی اہلخانہ کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس بلوچستان کی ٹیم نے تین روز قبل بغیر کسی وارنٹ کے ان کے گھر پر چھاپہ مارکر چادر و چاردیواری کی پامالی کرتے ہوئے غلام فاروق کو اٹھاکر لے گئے جس کے بعد اس کا کچھ پتا نہیں چل رہا بلوچستان یونین آف جرنلسٹس سی ٹی ڈی کی اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قسم کے جرم کی پشت پناہی نہیں کرتے تاہم قانون پر عملدرآمد کے خواہاں ہیں مذکورہ صحافی پر کسی قسم کی جرم کا الزام ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے-

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس عہدے داروں کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے خلاف ماورائے عدالت کارروائیوں پر صوبے کے تمام صحافیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر صحافتی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں سی ٹی ڈی کی اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کررہی ہیں۔

بی یو جے کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ صحافی غلام فاروق کو منظر عام پر لاکر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ ملک اور صوبے کی دنیا میں بدنامی نہ ہو۔