خاران اور پنجگور سے پانچ افراد لاپتہ

1083

بلوچستان کے ضلع خاران اور پنجگور سے اطلاعات ہیں کہ فورسز نے پانچ افراد کو جبری گمشدگی کا نشانہ بناکر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 21 مارچ کو خاران میں ایف سی اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے خاران شہر میں لیویز تھانہ کے قریب واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر امتیاز ولد عبد الحمید نامی نوجوان کو اغواء کرلیا اور اس دوران فورسز نے گھر سے موبائل فونز اور کمپیوٹر بھی ساتھ لے گئے۔

بعد ازاں فورسز نے کُلان میں آپریشن کرکے رضوان احمد ولد عبد الباسط اور مطیع اللہ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا جبکہ 23 مارچ کو فورسز نے وڈھ ایریا میں اختر ولد افضل کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کے کچھ گھنٹوں بعد رہا کر دیا ۔

دوسری جانب ادھر پنجگور سے اطلاعات ہیں کہ گذشتہ روز چتکان غریب آباد میں مسلح افراد نے ایک گھر پر دھاوا بول کر گھر میں موجود خواتین و بچوں کو تشدد کا نشانہ بناکر غنی ولد لشکری نامی شخص کو اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ مسلح افراد کا تعلق حکومتی حمایت یافتہ گروہ یعنی ڈیٹھ اسکواڈ سے ہے۔