بلوچستان سے باہر بیٹھے لوگوں سے رابطے جاری ہیں۔قدوس بزنجو

368

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سمیت دیگر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

وزیراعلی سیکرٹریٹ سے جاری خبر کے مطابق اجلاس میں شریک چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے امن و امان کی صورتحال اور اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں شامل بلوچستان سے متعلق نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے، آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن اور تصدیق کے لئے محکمہ داخلہ میں خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے حکام کو قانون کے نفاذ کے ذمہ دار اداروں کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن اور معلومات کے تبادلہ کے نظام کو صوبے اور ضلع کی سطح پر مستحکم بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ نے تمام شہروں میں پیٹرولنگ میں اضافہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک اور فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلی بلوچستان نے مزید کہا کہ حکومت صوبے میں بہتر ماحول کے قیام کے لئے سب سے بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں اور ملک سے باہر بیٹھے لوگوں سے بھی بات چیت کے لیے رابطے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا نوجوانوں کی سوچ صحیح سمت میں رکھنا حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ ہم نوجوانوں کو تخریبی اور غیر صحتمندانہ سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے معیاری تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرینگے۔ اجلاس میں کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کی فوری تکمیل کے لیے بھی حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کافیصلہ کیا گیا۔