کوئٹہ: غیرت کے نام پر مامو کے ہاتھوں بھتیجی قتل

510

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ہفتے کی روز مامو نے فائرنگ کرکے اپنی بھتیجی کو قتل کردیا۔

فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ مل کے مقام پر صدام پھاٹک کے قریب پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاتون کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیا گیا اور ملزم مقتولہ کا مامو ہے۔

ملزم کی شناخت جہانگیر کے نام سے ہوئی ہے، بعدازاں پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے لیکن ابھی تک گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

خیال رہے بلوچستان میں ہر دوسرے روز اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں، سال 2021 کی رپورٹ کے مطابق پورے بلوچستان میں ہر دوسرے دن ایک عورت قتل یا تشدد کا نشانہ بنی۔

بلوچستان میں پچھلے بارہ ماہ کے دوران تشدد کے 129واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ تقریباً تمام واقعات رپورٹ شدہ ہیں۔ ان واقعات میں57خواتین اور 21 مرد قتل ہوئے جس میں سے 28خواتین اور 21مرد غیرت کے نام پر قتل ہوئیں، 2 عورتوں نے گھریلو حالات سے تنگ آکر خودکشی کی، 28 خواتین
پر گھریلو تشدد کیا گیا جبکہ 8 خواتین اغواء ہوئیں، 29 خواتین قتل ہوئی، خواتین اور بچوں سے جنسی زیادتی کے 5 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ ہراسگی کے 8 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان واقعات میں سب سے زیادہ 33 واقعات کوئٹہ میں رپورٹ ہوئے، جبکہ 30واقعات نصیر آباد، 11واقعات مستونگ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔