پنجگور کا رہائشی سندھ سے جبری لاپتہ، تین افراد بازیاب

592

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور سے تعلق رکھنے والا نوجوان سندھ کے علاقے حیدرآباد سے جبری لاپتہ کردیا گیا جبکہ پنجگور، خضدار اور نوشکی سے فورسز کے ہاتھوں لاپتہ تین افراد بازیاب ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حیدرآباد سے فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے سہیل بلوچ نامی نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد اپنے ہمراہ لے گئے، سہیل بلوچ سندھ کے علاقے حیدرآباد کا رہائشی ہیں جبکہ انکا بنیادی تعلق پنجگور سے ہے-

سہیل بلوچ کے لواحقین نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ یکم فروری کو خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے مقامی پولیس کے ہمراہ ہمارے گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے سہیل بلوچ کو اپنے ہمراہ لے گئے لواحقین نے بتایا کہ سہیل بلوچ کچھ دن قبل پنجگور میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے بعد حیدر آباد آئے تھے جبکہ سہیل بلوچ کے لواحقین گذشتہ 45 سالوں سے سندھ میں مقیم ہیں-

سہیل بلوچ کے لواحقین نے انسانی حقوق کے اداروں سمیت سندھ حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ سہیل بلوچ کو منظر عام پر لاکر انہیں انصاف فراہم کرے-

دریں اثناء بلوچستان میں پاکستانی فورسز کے حالیہ کریک ڈاؤن میں لاپتہ ہوئے پنجگور کے رہائشی مسرور عارف اور نوشکی سے لاپتہ کریم بلوچ بازیاب ہوگئے ہیں جبکہ چار ماہ قبل کراچی سے لاپتہ ہونے والا خضدار کا رہائشی محمد افضل ولد عبداللہ زہری بھی آج بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ چکے ہیں-