طالبعلم حفیظ بلوچ کے جبری گمشدگی کیخلاف اسلام آباد میں احتجاجی کیمپ قائم

336

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچ طلباء کونسل کی جانب سے ساتھی طالب علم حفیظ بلوچ کی جبری گمشدگی کے خلاف اسلام آباد میں تین روزہ احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا ہے-

احتجاجی کیمپ اسلام آباد قائداعظم یونیورسٹی پنڈی پوائنٹ پر قائم کیا گیا کیمپ میں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات شریک ہوئے جبکہ طلباء نے یونیورسٹی کے اندر ایک خاموش ریلی کا بھی انعقاد کیا-

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلوچ طلباء پر ریاستی کریک ڈاؤن طلباء کی غیر قانونی جبری گمشدگی آئین و انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے طلباء ساتھیوں کی باحفاظت بازیابی کے لئے ہر ممکن طریقہ کار اپنائینگے-

یاد رہے حفیظ بلوچ کو رواں ماہ 8 فروری کو بلوچستان کے شہر خضدار سے حراست بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا۔ حفیظ بلوچ کا تعلق بلوچستان کے ضلع خضدار سے ہے اور وہ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ایم فل فائنل ائیر کے طالب علم ہیں-

حفیظ بلوچ کی جبری گمشدگی اور پنجگور میں طالب علم کے قتل کے خلاف گزشتہ دونوں طلباء کی جانب سے اسلام آباد میں ایک ریلی نکالی گئی تھی طلباء نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ حفیظ بلوچ کی جبری گمشدگی کے خلاف خضدار میں سول سوسائٹی نے ایک احتجاجی ریلی نکالی تھی-