سی ٹی ڈی کا بولان سے بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے شخص کی گرفتاری کا دعویٰ

652

بلوچستان کے ضلع بولان سے سی ٹی ڈی نے بلوچ لبریشن آرمی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے –

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بلوچ لبریشن آرمی کے محمد غوث عرف غوثیہ کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، پراما کارڈ، نٹ بولٹ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص ہرنائی سے بولان کے علاقے مچھ آرہا تھا، جہاں اس کا تخریب کاری کا ارادہ تھا۔

سی ٹی ڈی نے گرفتار شخص کیخلاف مقدمہ درج کرکے نیٹ ورک کے دیگر لوگوں کی گرفتاری کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

حالیہ کچھ وقتوں سے بلوچ قوم پرست حلقے، انسانی حقوق کی تنظیمیں سی ٹی ڈی پہ الزام عائد کررہے ہیں کہ ماضی میں جو کام بلوچستان میں پاکستانی خفیہ ایجنسیاں کرتے تھے وہی کام آج سی ٹی ڈی بھی کررہا ہے۔

قوم پرست حلقوں کے مطابق سی ٹی ڈی بھی پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کی طرح لوگوں کو ماورائے عدالت گرفتاریوں سمیت قتل میں بھی ملوث ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ وقتوں میں کئی ایسے واقعات بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آئے ہیں جہاں سی ٹی ڈی نے لوگوں کو مقابلے میں قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم بعد ازاں قتل ہونے والوں کی شناخت پہلے سے لاپتہ افراد کے طور پر ہوئی ہے۔