کیچ و پنجگور: فورسز کے ہاتھوں چھ افراد حراست بعد لاپتہ

853

بلوچستان کے ضلع کیچ اور پنجگور سے پاکستانی فورسز نے مبینہ طور پر چھ افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کل رات پاکستانی فورسز نے رات گئے ضلع کیچ کے تحصیل تمپ میں گومازی کے مقام پر چھاپہ مارکر چار افراد کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔

لاپتہ ہونے والوں کی شناخت اعجاز ولد مراد محمد، شھداد ولد الہی بخش منشی، ندیم ولد صدیق ملنگ، شریف ولد جاسم اور عظیم ولد گل محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے گھروں میں موجود خواتین و بچوں کو شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

دریں اثنا گذشتہ دنوں ضلع پنجگور کے علاقے گرمکان سے پاکستانی فورسز نے مجاہد نامی شخص کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے واقعات میں کافی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے جبکہ اغواء نما گرفتاریوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز پچھلے 4574 دنوں سے بھوک ہڑتالی کیمپ لگاکر احتجاج کررہی ہے۔