کوئٹہ سے ایک شخص کی لاش برآمد

599

بلوچستان سے لاشوں کی برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے- دارالحکومت کوئٹہ سے انتظامیہ کو ایک شخص کی لاش ملی ہے-

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ائیرپورٹ روڈ سے ایک شخص کی لاش برآمدکرلی گئی ہے تاہم لاش کی شناخت اب تک ممکن نہیں ہوسکی ہے-

ایدھی حکام کے مطابق دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ائیرپورٹ روڈ کلی الماس سے نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے جسے شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے۔

یاد رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے لاشیں برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے گذشتہ دنوں مستونگ کے علاقے سے ایک شخص کی لاش انتظامیہ نے برآمد کرلی تھی-

مستونگ انتظامیہ کو ملنے والی لاش جبری طور پر لاپتہ نعمت اللہ ولد عرض محمد کی تھی لواحقین کے مطابق نعمت اللہ کو رواں سال پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے لکپاس سے حراست میں لیکر لاپتہ کردیا تھا-

لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے آواز اٹھانے والی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق بلوچستان سے ہزاروں افراد جبری طور پر لاپتہ ہے جبکہ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ ان لاپتہ افراد میں سے متعدد کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا جاتا ہے اور بعد میں ان کی لاشیں پھینکی جاتی ہے تاہم ان میں سے کئی لاشوں کی شناخت مسخ ہونے کی وجہ سے ممکن نہیں ہوتی-