میڈیکل طلباء کی پی ایم سی سے رجسٹریشن انتظامیہ اور محکمہ صحت کا کام ہے- بلوچ ڈاکٹر فورم

196

بلوچ ڈاکٹرز فورم کے مرکزی ترجمان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک مہینے سے تین میڈیکل کالجز مکران، جھالاوان اور لورالائی میڈیکل کالجز کے طلبہ پی ایم سی کی جانب سے اعلان کردہ اسپیشل امتحان کے خلاف احتجاجی کیمپ لگا کر بیٹھے ہیں لیکن مجال ہے کہ محکمہ صحت اور حکومت کی جانب سے طلبہ کی داد رسی کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ بنیادی طور پر کسی بھی میڈیکل کالج یا وہاں پر زیر تعلیم طلبہ کو پی ایم سی کے ساتھ رجسٹریشن کرنا کالجز انتظامیہ اور محکمہ صحت کا کام ہے، لہذا کالجز اتنظامیہ اور صوبائی حکومت پی ایم سی کے شرائط کو پورا کرکے طلبہ کو رجسٹر کروائیں یا پی ایم سی رول کے مطابق جرمانہ ادا کریں، اس کیلئے طلباء کو کسی اسپیشل امتحان میں دھکیل کر ان کے تعلیمی کیرئیر کو داؤ پر نہ لگایا جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ پچھلے ایک مہینے سے اس ٹھٹھرتی ہوئی سردی میں طلباء شال پریس کلب کے سامنے کیمپ لگا کر احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔

ترجمان نے آخر میں کہا کہ ہم ڈاکٹرز کمیونٹی کی حیثیت سے حکومت وقت سے گزارش کرتے ہیں کہ جتنا ممکن ہو سکے میڈیکل کے طلباء کے مسائل کسی بھی صورت میں حل کریں تاکہ طلباء خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے تعلیمی کیرئیر جاری رکھ سکیں۔