بی ایس او اوتھل زون کا اجلاس، بامسار بلوچ صدر منتخب

581

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اوتھل زون کا جنرل باڈی اجلاس، زونل کابینہ تشکیل دیا گیا۔ بامسار بلوچ زونل صدر اور سجاد بلوچ زونل جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے۔

بی ایس او اوتھل زون کی جانب سے جنرل باڈی اجلاس، زیر صدارت زونل آرگنائزر سنگت زکریا شاہوانی منعقد ہوا، جس میں بی ایس او کے مرکزی کمیٹی کے ممبر نعمان بلوچ نے اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی۔ زونل کابینہ کی تشکیل اور تنظیمی امور کے ایجنڈے زیر بحث رہیں۔

اجلاس کی ابتداء بلوچ و تمام محکوم و مظلوم قومی شہداء کے یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔

بعد ازاں نعمان بلوچ نے اجلاس کا باقاعدہ آغاز سیاسی ومعاشی اصطلاحات پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ سماج جب بھی ترقی کرتا ہے تو وہاں موجود ہر عنصر حرکت میں آجاتا ہے اور ان تبدیلیوں کو اپنانے اور ان میں ڈھلنے کے لیے ضروری ہے ایک ترقی پسندانہ سوچ کے مالک بنا جائے اور یکطرفہ رجحانات سے بھی پرے ہوکر سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سماج کا ہر حصہ اپنے آپ میں محو گفتگو ہوتا ہے اور ایک زبان کا استعمال کر رہا ہوتا ہے جس کے رجسٹرڈ اصطلاحات ہوتے ہیں جن کو سمجھ کر، جان کر اور استعمال میں لا کر کسی بھی مباحثے کا تعین کیا جاتا ہے۔

مزید بحث کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ہمارے کارکنوں میں سیاسی پختگی کا فقدان ہے اور یہ پختگی صرف نظریاتی علم سے حاصل ہوتا ہے۔ ہمارے نوجوان کارکن، قومی شعور سے تہی دامن ہیں۔ معاشی اور معاشرتی شعور کو اجاگر کرنے کا واحد راستہ علم سے حاصل ہوتا ہے۔ جس کے لیے ہمارے اندر خاطر خواہ سعی موجود نہیں۔

آج ہمارے کارکنوں کو سیاسی و معاشی اصطلاحات کو سمجھنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے کو ترقی پسند سوچ و فکر سے وابستہ بنیادی علم و سیاسی اصطلاحات سے روشناس کرائی جائے تاکہ ترقی پسند سوچ سے مسلح ہو کر استعمار زدہ اور استحصالی نظام اور اس کے ہتھکنڈوں سے آگاہ رہیں۔

استحصالی نظام سے نجات حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے سیاسی کارکنان کو علمی انداز سے مسلح ہو کر ایک غیر استحصالی نظام کے قیام کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔

بعد ازاں اجلاس کے دوسرے ایجنڈے کی طرف بڑھتے ہوئے زونل کابینہ تشکیل دیا گیا، جس میں کامریڈ بامسار بلوچ زونل صدر، سید منظور زونل سینئر نائب صدر، شیرداد بلوچ زونل جونیئر نائب صدر، زونل جنرل سیکریٹری سجاد بلوچ، زونل سینئر جوائنٹ سیکریٹری ارشاد بلوچ، زونل جونئیر سیکریٹری گُلین بلوچ اور سنگت زکریا شاہوانی پریس سیکریٹری اوتھل زون منتخب ہوئے۔

بی ایس او کے مرکزی کمیٹی کے ممبر نعمان اسحاق نے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیتے ہوئے ان کو مبارکباد پیش کیا اور اجلاس کا باقاعدہ اختتام کیا۔