گذشتہ کئی روز سے حب کے شہری گیس و دیگر سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں- گذشتہ روز شہریوں کی جانب سے ڈی سی افس کے سامنے دھرنے کے باوجود علاقہ مکین گیس کی سہولیات سے محروم رہیں-
حب کے مختلف علاقوں لاسی روڈ،محمود آباد روڈ، فردوس کالونی، عدالت روڈ، اکرم کالونی، چیزل آباد اور بلوچ کالونی میں سوئی گیس کی بندش شہریوں کے لیے عذاب بن گئی ہے گیس نہ ہونے کی وجہ شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں-
علاقہ مکینوں کے مطابق حب شہر میں دو ماہ سے سوئی گیس کی بندش اور کم پریشر حب کے شہریوں کے لیے عذاب بن گیا ہے شہریوں کے گھروں کے چولہے تک ٹھنڈے پڑ گئے ہیں جبکہ گیس کی بندش اور پریشر کم ہونے کی وجہ سے شہری کئی کئی گھنٹے بھوکے رہنے پر مجبور ہوتے ہیں-
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہیں ہیں تو جلانے کے لیے لکڑی بھی حب شہر میں مہنگی ہے جس کی وجہ سے سوئی گیس ہمارے لیے کسی خاص نعمت سے کم نہیں مگراس معاملے میں بھی ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا اور ہمیں سوئی گیس کی بندش اور پریشر کم ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا مگر افسوس کہ ہماراکوئی پرسان حال نہیں-
انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی بھی نہیں جو محکمہ سوئی گیس کا قبلہ درست کر کے ہمیں سوئی گیس کی فراہمی ممکن بنا سکےجبکہ اس حوالے سے منتخب عوامی نمائندوں اور اتنظامیہ کی خاموشی بھی افسوس ناک امر ہے-
یاد رہے حب کے شہری گذشتہ کئی روز سے گیس سمیت دیگر زندگی کی سہولیات کے عدم فراہمی کے خلاف احتجاج اور دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں شہریوں کا مطالبہ ہے کہ شہر کے گیس اور دیگر مسائل فوری حل کئے جائے –